News

6/recent/ticker-posts

تیسری جنِگ عظیم شروع ہو چکی، معروف ماہر معاشیات نوریل روبینی

معروف ماہر معاشیات نوریل روبینی نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ نئی عالمی جنگ یوکرین اور خلاء میں موثر انداز سے شروع ہو چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے نیویارک یونیورسٹی کے پروفیسر سے جرمن اخبار دار اشپغل نے انٹرویو لیا تھا جس میں انہوں نے دنیا کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی تھی۔ حال ہی میں عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے منعقدہ ایک ایونٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نوریل روبینی نے مؤرخ نیال فرگوسن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہو گی کہ ہمیں 1970ء کی دہائی جیسے معاشی بحران کا سامنا ہو جائے، نہ کہ 1940ء کی دہائی جیسی جنگ کا۔ بڑے عالمی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے روبینی نے روس اور یوکرین کے در میان جاری تنازع کا ذکر کیا اور کہا کہ ایران اور اسرائیل بھی تصادم کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ دن قبل پڑھا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ چین سے توقع کیے بیٹھی ہے کہ وہ بلاتاخیر تائیوان پر حملہ کر دے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری جنگ عظیم موثر انداز سے شروع ہو چکی ہے، تجارت، مالیات، ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سمیت ہر چیز دو حصوں میں تقسیم ہو جائے گی۔ نوریل روبینی نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل میری ایک افریقی ملک کے صدر سے بات چیت ہوئی اور میں نے اُن سے پوچھا کہ آپ مغرب کی بجائے چین سے فائیو جی ٹیکنالوجی کیوں لے رہے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم افریقہ کا ایک چھوٹا سا ملک ہیں، ٹیکنالوجی مغرب سے لیں یا چین سے؛ جاسوسی تو ہماری بہر صورت ہونا ہی ہے؛ تو کیوں نہ ہم چین سے سستی ٹیکنالوجی خریدیں۔ نوریل روبینی کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ میں سیاسی نظام ان مسائل سے نمٹنے میں شاید کامیاب نہ ہو پائیں جس سے دائیں بازو کی قدامت پرست جماعتیں اقتدار میں آ سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ نوریل روبینی کی مقبولیت کا سبب ان کی جانب سے 2008ء اور 2009ء میں مالیاتی بحران کی پیشگوئی تھی اور اسی وجہ سے انہیں وال اسٹریٹ کی جانب سے ’’ڈاکٹر ڈوُم‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments