News

6/recent/ticker-posts

وزارتِ سائنس صرف 5 فیصد خرچ کر سکی

آج کی دنیا میں قوموں کی ترقی میں سائنس و ٹیکنالوجی کو حاصل کلیدی اہمیت کسی وضاحت کی محتاج نہیں۔ انتخابات سے پہلے تحریک انصاف کے اِس دعوے کی بنا پر کہ اِس کی صفوں میں ہر شعبۂ زندگی سے وابستہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار افراد بہت بڑی تعداد میں موجود ہیں، پاکستانی شہریوں بالخصوص بیرونِ ملک پاکستانیوں میں یہ تاثر عام تھا کہ اِس پارٹی کو اقتدار ملا تو معیشت، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ ہو گا اور ترقی کی منزلیں بڑی تیز رفتاری سے طے کی جائیں گی۔ تاہم اب جبکہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت کے چوتھے سال کی تکمیل کی جانب گامزن ہے، ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق موجودہ مالیاتی سال میں اس کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت قائم ذیلی ادارے رواں مالی سال میں اب تک جاری کی گئی مجموعی رقم 2655 ملین روپے کا پانچواں حصہ بھی خرچ نہیں کر سکے ہیں۔

وزارت کے حسابات کے مطابق اس رقم میں سے صرف 537 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں لیکن اس کارکردگی کے بعد نہایت ناقابلِ فہم طور پر وزارت کی جانب سے مزید 1114 ملین روپے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی حال ہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2021-22ء کے پی ایس ڈی پی کے 43 جاری اور نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 8341 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی تھی تاہم اب تک جاری کی گئی رقم کا 20 فیصد سے بھی کم استعمال ہونے کی بنا پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کی اِس رقم میں بھاری کٹوتی کی گئی جس کے بعد اِس کی مالیت 3785 ملین روپے رہ گئی ہے۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی اِس ناقص کارکردگی کے اسباب کیا ہیں، اس کا پوری سنجیدگی سے جائزہ لیا جانا اور ان کا ازالہ کرنا قومی مفاد کا ناگزیر تقاضا ہے کیونکہ اِس کے بغیر پاکستان کا ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔

 بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments