News

6/recent/ticker-posts

امریکی انٹیلیجنس کی پیش گوئی : طالبان 30 دن میں کابل میں ہوں گے

طالبان کی پیش قدمی کی رفتار کو دیکھتے ہوئے امریکی انٹیلیجنس کا ماننا ہے کہ اگر ان کے جنگجو اسی رفتار سے آگے بڑھتے رہے تو وہ 30 دن تک کابل کا محاصرہ کر لیں گے اور شاید 90 دن میں اسے فتح کرنے میں بھی کامیاب ہو جائیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ایک امریکی دفاعی اہلکار نے کہا کہ اگرچہ یہ صورتحال ناگزیر نہیں اور افغانستان کی فوج طالبان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں تو ایسا ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ اس وقت کابل میں چاروں طرف سے پناہ گزینوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔  یہ سب لوگ ایسے علاقوں سے نقل مکانی کر کے آئے ہیں جہاں یا تو شدید لڑائی جاری ہے یا پھر وہ علاقہ طالبان کے قبضے میں آ چکے ہیں۔ امریکی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس ہجوم میں خودکش بمباروں کی موجودگی کے خدشات ہیں اور ڈر ہے کہ اگر کوئی بمبار سفارتی کوارٹر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ملک میں بچی کھچی بین الاقوامی کمیونٹی بھی کابل چھوڑنے پر مجبور ہو جائے گی۔

طالبان اشرف غنی حکومت سے مذاکرات پر آمادہ نہیں 
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان افغان صدر اشرف غنی سے مذاکرات کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات رُک گئے ہیں تاہم امریکہ اب پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ طالبان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے انھیں امن معاہدے پر آمادہ کرے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب طالبان قیادت کا وفد اسلام آباد آیا تھا تو پاکستان نے ان پر افغان حکومت کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے زور دیا تھا۔ تاہم وزیراعظم کے بقول طالبان نے کہا کہ جب تک صدر غنی اقتدار میں ہیں وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ یاد رہے کہ قطر میں طالبان کے نمائندے محمد عباس ستانکزئی نے بھی جنوری کے آخر میں کہا تھا کہ اگر اشرف غنی اقتدار چھوڑتے ہیں تو وہ نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ صدر اشرف غنی نے خود اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اقتدار نہیں چھوڑیں گے تاہم ان کے مطابق وہ قبل از وقت انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ عمران خان کا یہ تبصرہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ، روس، چین اور پاکستان کے نمائندے دوحہ میں افغانستان کے بحران کے خاتمے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ افغان حکومت اور طالبان کے وفود بھی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments