News

6/recent/ticker-posts

نہر پانامہ : وہ آبی گزر گاہ جس نے جہاز رانی کی صنعت کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا

نہرِ سوئز میں چند ماہ قبل پھنسنے والے ایک بحری جہاز سے ہونے والے معاشی نقصان کی بازگشت ابھی تھمی نہیں ہے اور نہرِ سوئز انتظامیہ اور جہاز کے مالکان کے درمیان اب تک اس حوالے سے مذاکرات چل رہے ہیں۔ مگر سوئز وہ واحد راستہ نہیں ہے جو دنیا کے سمندروں کو آپس میں ملا کر بحری جہازوں کے لیے وقت اور ایندھن کی بچت ممکن بناتا ہے، بلکہ وسطی امریکہ میں ایک نہر ایسی بھی ہے جو بحرالکاہل اور بحرِ اوقیانوس کو آپس میں ملاتی ہے۔ جی ہاں، بات ہو رہی ہے نہرِ پانامہ کی جہاں سے عالمی تجارت کا پانچ سے چھ فیصد ہر سال گزرتا ہے۔ یہ نہر اتنی اہمیت کے حامل تجارتی راستے پر واقع ہے کہ تجارتی بحری جہازوں کو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ جہاز کا سائز اتنا ہی ہو کہ وہ نہرِ پانامہ سے گزر سکے۔ انجینیئرنگ کی شاہکار اس نہر کو جدید دنیا کے عجائبات میں سے بھی قرار دیا جاتا ہے۔

اگر نہرِ پانامہ نہ ہوتی تو؟
اس نہر کی تعمیر سے قبل بحری جہازوں کو امریکہ کے مغربی یا مشرقی کنارے سے دوسری جانب جانے کے لیے برِ اعظم جنوبی امریکہ کے آخری کونے کیپ ہارن سے ہو کر گزرنا پڑتا تھا۔ مگر اب نہرِ پانامہ کی وجہ سے یہ سفر آٹھ ہزار ناٹیکل میل یا 15 ہزار کلومیٹر کم ہو گیا ہے۔ اسی طرح شمالی امریکہ کے ایک کنارے سے جنوبی امریکہ کی کسی بندرگاہ تک جانے میں بھی ساڑھے چھ ہزار کلومیٹر جبکہ یورپ اور مشرقی ایشیا یا آسٹریلیا کے درمیان چلنے والے بحری جہاز بھی تین ہزار 700 کلومیٹر تک کی بچت کر سکتے ہیں۔ اس پورے سفر میں دو سے تین ہفتے تک کا وقت درکار ہوتا تھا تاہم اب نہرِ پانامہ کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک صرف 10 گھنٹے میں پہنچا جا سکتا ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ نہرِ سوئز بھی تو دو سمندروں کو آپس میں ملاتی ہے تو پھر نہرِ پانامہ کی اتنی تعریف کیوں؟


تو جناب جواب یہ ہے کہ نہرِ سوئز جن دو سمندروں کو آپس میں ملاتی ہے اُن میں پانی کی سطح تقریباً برابر ہے، اس لیے یہاں سے گزرنے کے لیے بحری جہازوں کو صرف اس میں داخل ہونا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ نہرِ سوئز کی چوڑائی 205 سے لے کر 225 میٹر تک ہے مگر نہرِ پانامہ کا معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ اس کی تعمیر کے لیے مطلوبہ کھدائی کو کم رکھنے کے لیے ایک مصنوعی جھیل بنائی گئی ہے جو سطحِ سمندر سے 85 فٹ بلند ہے۔ جب بھی کوئی بحری جہاز نہرِ پانامہ کو پار کرنا چاہتا ہے تو یہ سب سے پہلے لاک کہلانے والے ایک چیمبر میں داخل ہوتا ہے۔ پھر اس چیمبر میں پانی کی مقدار بڑھنے لگتی ہے یہاں تک کہ یہ اپنے سے زیادہ بلندی پر موجود دوسرے چیمبر کے برابر پہنچ جاتا ہے۔ اس موقع پر جہاز کے لیے دوسرے چیمبر کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور یہ اگلے چیمبر میں داخل ہو جاتا ہے۔

اس کے بعد اگلے چیمبر میں پانی کی مقدار بڑھنے لگتی ہے اور پھر یہ بحری جہاز 85 فٹ بلند گتون جھیل میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس وقت یہ جہاز اس جھیل کو پار کرتا ہے اور دوسری جانب موجود لاکس تک پہنچتا ہے جہاں اسے چیمبر میں داخل کر کے پانی کی مقدار گھٹائی جاتی ہے۔ تین مرحلوں پر مشتمل اس اترائی کے عمل سے گزرنے کے بعد جہاز دوسری جانب موجود سمندر کی سطح کے برابر پہنچ جاتا ہے۔
نہرِ پانامہ عالمی تجارت کے لیے کتنی اہم ہے؟ مالی سال 2020 میں نہرِ پانامہ کو چھوٹے بڑے 13 ہزار 369 جہازوں اور کشتیوں نے عبور کیا جس میں سے 12 ہزار 245 وہ تجارتی جہاز تھے جو ایک سمندر سے دوسرے سمندر تک جا رہے تھے۔ اس پورے سال میں نہرِ پانامہ کو ٹول ٹیکس کی مد میں 2.67 ارب ڈالر کی کمائی حاصل ہوئی۔ نہرِ پانامہ کے ذریعے ہر طرح کے سامان کی آمد و رفت ہوتی ہے تاہم اجناس، کوئلہ، خوردنی تیل، کیمیکلز، زرعی پیداوار اور معدنیات سرِفہرست ہیں۔

امریکہ دنیا کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک اور چین دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک ہے، اس لیے یہ دونوں ممالک سامان کی ترسیل کے اعتبار سے سرِفہرست ہیں۔ مالی سال 2020 میں یہاں سے امریکہ کے لیے جانے والا سامان اور امریکہ سے دوسرے ممالک کو جانے والا سامان نہرِ پانامہ سے ہونے والی سامان کی کُل ترسیل کا 68.8 فیصد تھا جبکہ اس کے مقابلے میں چین کا حصہ 15.6 فیصد رہا تھا۔
نہرِ پانامہ کی بقا کا انحصار تازہ پانی کی مسلسل فراہمی پر ہے مگر حالیہ چند برسوں میں بارشوں میں ہونے والی کمی کے باعث اس نہر کا آپریشن متاثر بھی ہوا ہے۔ جب بھی کوئی جہاز یہاں سے گزرتا ہے تو لاکھوں گیلن میٹھا پانی سمندر میں گر جاتا ہے جس کی وجہ سے گتون جھیل میں پانی کی سطح کا برقرار رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ تاہم اب حکام اس مسئلے کے حل تلاش کرنے پر کام کر رہے ہیں جس میں یہاں سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد کو کم کرنا بھی شامل ہے۔ مگر اس کا تجارتی نقصان یہ ہے کہ پھر کاروبار نہرِ سوئز کی جانب منتقل ہو جاتا ہے۔  لیکن اس کے باوجود نہرِ پانامہ کا جغرافیائی محلِ وقوع ایسا ہے کہ ہر سال ہزاروں بحری جہازوں کے لیے سب سے کارآمد بحری تجارتی راستہ یہی رہے گا۔ بلاشبہ یہ جدید دنیا کے نئے عجائبات میں سے ایک ہے۔

بشکریہ انڈپینڈنٹ اردو    


Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments